بارسلونا میں وفات پانے والے پاکستانی کا نماز جنازہ اب مساجد میں ادا کیا جائے گا، معاہدہ طے پا گیا
بارسلونا(بیورو رپورٹ )کاتالونیا بھر میں مقیم پاکستانی کسی بھی شہر میں اگر وفات پا جاتا ہے تو اس کے لواحقین جس اسلامک سنٹر میں چاہیں نماز جنازہ ادا کر سکتے ہیں۔ کاتالونیا میں تدفین کے حوالہ سے کام کرنے والی کمپنی سے معاہدہ طے پا گیا۔اسپین کا صوبہ کاتالونیایہاں پر سب سے زیادہ پاکستانی مقیم ہیں ،جب کوئی پاکستانی وفات پا جاتا ہے تو اس کا نماز جنازہ ایک بڑا مسئلہ تھا جسے حل کر لیا گیا۔ پہلے نماز جنازہ مسیحی سروس سنٹر میں ہوتا تھا یہاں پر میز اور کرسیاں لگے ہوتے ہیں وہاں وضو اور نماز جنازہ کے لئے صفیں بنانا بنانے کا مناسب انتظام نہیں ہوتا جس کی وجہ سے مشکلات پیش آتی تھیں۔ دوسرا جتنے بھی سروس سنٹر ہیں وہ سب بارسلونا سے باہر اور وہاں تک پہنچنا بہت مشکل ہوتا تھا۔ ان تمام مشکلات پریشانیوں کے حل کے لئے گذشتہ کئی ماہ سے معروف سماجی شخصیت کاتالان فیڈریشن کے صدر خالد شہباز چوہان سر گرم تھے، انہو ں نے کاتالونیا کی کئی تدفین کا کام کرنے والی کمپنیز سے اس سلسلہ میں بات چیت کی۔ اور ایک کمپنی نے اس بات کا کل معاہدہ کر لیا کہ پاکستانی کاتالونیا میں کسی بھی شہر میں وفات پا جائے اس کے لواحقین جس اسلامک سنٹر میں چاہیں ہم میت کو وہاں پہنچائیں گے۔ اس طرح اسلامک سنٹرز میں نماز جنازہ اداکرنے سے وضو اور صفیں بنانے کے ساتھ ساتھ ہر شخص کا پہنچنا بھی آسان ہو جائے گا۔ معاہدہ میں کاتالان فیڈریشن،فیضان مدینہ اور پاک تیرا ایسوسی ایشن بھی شامل ہیں فیضان مدینہ کے چوہدری اختر پاک تیرا ایسوسی ایشن کے حاجی رزاق گوندل اور کاتالان فیڈریشن کے صدر خالد شہباز چوہان نے معاہدہ پر دستخط کئے۔