تارکین وطن کی خبریں
میلان میں نادرا سروسز کی بحالی کیلئے جدوجہد کرینگے، پاک فیڈریشن اِٹلی کے رہنماؤں کا عزم

بولونیا/اِٹلی(رپورٹ الیاس قادری) پاک فیڈریشن اِٹلی قونصلیٹ جنرل آفس میلان میں قائم نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (NADRA) سیکشن کی بندش کی بھرپور مذمت کرتی ہے، جس کی بحالی کیلئے ہر ممکن جدوجہد کی جائیگی، ان خیالات کا اظہار فیڈریشن کے صدر چوہدری بشیر احمد امرہ اور جنرل سیکرٹری آصف رضا نے ایک مشترکہ بیان میں وزارت داخلہ کے 12 اپریل سے میلان میں نادرا سروسز بند کرنے کے فیصلے پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ملک میں اداروں کے مابین جاری حالیہ رسہ کشی وطنِ عزیز کیلئے زرمبادلہ کمانے والوں کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہی ہے، جس سے قومی اداروں کی بے توقيری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، فیڈریشن کے مرکزی رہنماؤں نے واضع کیا کہ بیرونِ ملک قائم نادرا کے محض چند دفاتر میں سے قونصلیٹ جنرل آفس میلان میں واقع نادرا سیکشن قونصل جنرل ندیم خاں کی زیر نگرانی ہموطنوں کیلئے گرانقدر خدمات انجام دے رہا تھا جس سے اٹلی میں مقیم کم و بیش ڈیڑھ لاکھ پاکستانی بھرپور استفاده کر رہے تھے، جس کی بندش اوورسیز پاکستانیوں سے دشمنی کے مترادف ہے، پاک فیڈریشن کے رہنماؤں نے کہا وہ اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی نمائنده شخصیات کیساتھ صلاح مشورے کے بعد بہت جلد میلان میں نادرا سیکشن کی بحالی کے سلسلہ میں جدوجہد کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے.


واپس جائیں