تارکین وطن کی خبریں
پی ٹی آئی سوئٹزر لینڈ کے زیر اہتمام یورخ میں یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد

بارسلونا(بیورورپورٹ )پی ٹی آئی سوئٹزر لینڈ کے زیر اہتمام یورخ میں یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید،حمد اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے کیا گیا۔ پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا جس کے احترام میں ہال میں موجود خواتین ومرداور بچے کھڑے رہے۔ترانے کے اختتام پر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے۔

یوم پاکستان کی تقریب میں بچوں کے لئے خصوصی طور پر میجک کا اہتمام کیا گیا تھا جس سے بچے خوب محظوظ ہوئے اور میجک ماسٹر کو تالیاں بجا کر داد دیتے رہے۔ تقریب میں میرا ایمان پاکستان پر بچوں نے خوبصورت پرفارم کیا۔ تقریب سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کا دن ہمیں اپنے اکابرین کی اس تحریک کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجہ میں ہمیں ایک آزاد وطن ملا۔ قافلہ تحریک پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اپنے وطن عزیز کو ان کے نظریات کے مطابق پاکستان کی تشکیل کے لئے ہمہ وقت سر گرم عمل ہیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ستر سالوں میں وہ پاکستان نہیں بن سکا جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا اور قائد اعظم محمد علی جناح نے اسے تعبیر دی تھی۔ ستر سالوں میں پاکستان کو ہر حکمران نے لوٹا ہے اور عزت نفس کو مجروح کیا ہے۔

مقررین نے کہا کہ اب پاکستان کی قسمت کا فیصلہ ہم عوام کے ہاتھوں میں ہے 2018 کے عام انتخابات میں ہمارے سامنے ایک ایسا لیڈر ہے جسے سپریم کورٹ نے صادق اور امین کہا ہے ۔اور ہمیں قوی امید ہے کہ عمران خان ہی پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنا سکتا ہے۔پی ٹی آئی کے تمام عہدیداران وممبران نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمیں ملک سے باہر رہتے ہوئے یا پاکستان میں جا کر انتخابات کا ہر صورت حصہ بننا چاہیئے تاکہ ہم اس کرپٹ اور لوٹ کھسوٹ کے نظام سے آزادی حاصل کر سکیں یہ تحریک انصاف کا نہایت ہی اہم انتخاب ہے جو پاکستان کی تقدیر بدل سکتا ہے۔اگر اس بار ناکام ہو گئے تو عمران خان نہیں پاکستان ناکام ہو جائے گا۔تقریب میں پاکستان زندہ باد، قائد اعظم زندہ باد، علامہ اقبال زندہ باد ، عمران خان زندہ باد اور آئی آئی پی ٹی آئی کے نعرے بھی وقفے وقفے سے بلند ہوتے رہے

تقریب کے آخری حصہ میں پی ٹی آئی کے تمام چپٹرز کو اسٹیج پر بلایا گیا اور تعارف کرایا گیا ۔مستنصر گوندل نے تمام عہدیداران سے حلف لیا ۔

انتظامیہ اور عام لوگوں کا کہنا تھا کہ سوئٹزر لینڈ میں یہ پہلا پروگرام ہے جس میں اتنی بڑی تعداد میں خواتین ومرد اور بچوں نے شرکت کی تقریب کے اختتام پر تمام شریک افراد کو کھانا پیش کیا گیا جس کے انتظامات محمد اکبر چوہان اور ان کے ساتھیوں نے احسن انداز میں ترتیب دئیے۔


واپس جائیں