یونانی پولیس نے ایسٹر کے تہوار کے موقع پر متعدد تارکین وطن کو گرفتارکرلیا
یونانی پولیس نے ایسٹر کے تہوار کے موقع پر متعدد تارکین وطن کو گرفتار کیا ہے۔ یہ افراد جعلی سفری دستاویزات ذریعے دیگر یورپی ممالک میں داخل ہونا چاہتے تھے۔
یونانی پولیس کے مطابق ان تارکین وطن میں سے بارہ کا تعلق ویتنام، تبت اور افغانستان سے ہے۔ یہ تمام افراد کیکلادس سینتورینی کے ہوائی اڈے پر حکام کو ترمیم شدہ دستاویزات دکھا کر ان دو چارٹر جہاز پر سوار ہونا چاہتے تھے، جو اٹلی اور اسپین کے لیے روانہ ہونے والے تھے۔ پولیس نے مزید بتایا کریٹا کے ہوائی اڈے پر تین شامی مہاجرین کو گرفتار کیا گیا۔ یہ تینوں جرمنی جانا چاہتے تھے۔ حکام کا خیال ہے کہ انہوں نے کریٹا جزیرے کے چھوٹے سے ہوائی اڈے کا انتخاب اس لیے کیا تھا کہ شاید وہ اپنے جعلی دستاویزات کےساتھ نہ پکڑے جائیں۔ یونان میں سیاحت کے اضافے کے ساتھ ہی روزانہ کئی مہاجرین جعلی دستاویزات کے ساتھ گرفتار کیے جا رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس طرح کے ایک دستاویز کی قمیت پندرہ سو سے تین ہزار یورو کے درمیان ہوتی ہے۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ بلقان ممالک کی سرحدیں بند ہونے کے بعد انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد جعلی دستاویزات بنا کر بڑے پیمانے پر رقم کما رہے ہیں