تارکین وطن کی خبریں
بولونیا:کاسمیٹکس مصنوعات سے متعلق 51 ویں سالانہ عالمی نمائش COSMOPROF کا انعقاد،

بولونیا/اِٹلی(رپورٹ و تصاویر الیاس قادری) کاسمیٹکس مصنوعات سے متعلق 51 ویں سالانہ بین الاقوامی نمائش COSMOPROF اٹلی کے معروف شہر بولونیا کے ایگزیبیشن سنٹر "Bologna Fiere" میں منعقد ہوئی، چار روزہ نمائش میں دو درجن سے زائد پاکستانی تاجروں سمیت 70 ممالک کے2880 اداروں نے اپنی مصنوعات متعارف کروائیں، جس کیلئے حسبِ سابق ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے سبز ہلالی پرچموں سے مزین خصوصی پویلین تیار کروایا، جہاں کمرشل قونصلر محترمہ سائرہ امداد علی کی سربراہی میں روم سے پاکستانی سفارتخانے کا دیگر سٹاف اور TDAP کے اسٹنٹ مینیجر ضمیر احمد سومرو نمائش کے دوران ہموطن تاجروں کی رہنمائی اور معاونت کیلئے ہمہ وقت موجود رہے، جبکہ پاکستانی نثزاد اطالوی بزنسمین و پاکستان مسلم لیگ (ن) اٹلی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین چوہدری فیصل محمود چیچی نے کمرشل قونصلر محترمہ سائرہ امداد علی اور TDAP کے اسٹنٹ مینیجر ضمیر احمد سومرو کے اعزاز میں بولونیا کے معروف و قدیم اطالوی ریسٹورنٹ میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا، جس میں دوسروں کے علاوه پاکستان مسلم لیگ (ن) اٹلی کے چیف کوارڈینیٹر چوہدری محمد رزاق چھنی، پاک فیڈریشن اٹلی کے جنرل سیکرٹری آصف رضا اور دانیال حسن نے بھی شرکت کی، اس موقع پر تجارتی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا، محترمہ سائرہ امداد علی نے یہاں مقیم کاروباری شعبے سے وابستہ ہموطن تاجروں کے مشترکہ پلیٹ فارم کی اہميت بیان کرتے ہوئے تقریب کے شرکا پر اٹلی میں پاکستان بزنس فورم کے قیام کیلئے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا. قبل ازیں کمرشل قونصلر محترمہ سائرہ امداد علی کی COSMOPROF میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے بوتھ اور پاکستانی پویلین پر آمد کے موقع پر بولونیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے ان کا پرتپاک خیر مقدّم کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیئے. انہوں نے بعد میں TDAP کے آفیسر ضمیر احمد سومرو، پاک فیڈریشن اٹلی کے جنرل سیکرٹری آصف رضا اور دیگر کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر پاکستانی پویلین کا افتتاح کیا، منتظمین کے مطابق نمائش دیکھنے کیلئے دنیا بھر سے ساڑھے تین لاکھ سے زائد افراد بولونیا پہنچے.


واپس جائیں