تارکین وطن کی خبریں
صدر آزاد کشمیر کا کریمونا صوبائی اسمبلی کا دورہ,میئر بریشیا سے ملاقات،مسئلہ کشمیر پر بریفنگ

بریشیا(نمائندہ خصوصی )صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے دورہ اٹکی کے دوران کریمونا صوبائی اسمبلی کا دورہ کیا اور روسیتا وایولہ کی سربراہی میں رہنماؤں کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے علاقے کے سنیٹر پاؤلو بوڈینی سے بھی علیحدہ ملاقات کی۔اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے مسئلہ کشمیر اور کشمیر کی جغرافیائی حدود کے متعلق بریفنگ دی اور کہا کہ بھارتی افواج نے اپنی بے لگام طاقت کا استعمال کرتے ہوئے کشمیریوں سے اپنے دفاع کا حق چھین رکھا ہے اور پر امن جدوجہد آزادی کا مظاہرہ کرنے والے معصوم کشمیریوں کو دہشت گرد قراردیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اس حقیقت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی جانب سے کسی قسم کی کوئی دہشت گردی نہیں ہو رہی ہے اور کشمیری دنیا کے واحد غیر مسلح عوام ہیں جو پر امن طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے بنیادی حق، حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اگر کوئی دہشت گردی ہے تو وہ صرف اور صرف بھارت کی مرکزی حکومت کی پشت پناہی سے بھارتی افواج کی جانب سے ریاستی دہشت گردی ہے۔

بعد ازاں بریشیا کے مئیر ایملیوڈیل بونو نے صدر آزاد کشمیر کو اپنے دفتر میں استقبال کیا اور ملاقات کرتے ہوئے خصوصی گفتگو کی۔صدر آزاد کشمیر نے میئر بریشیا کو پاکستان اور آزاد کشمیر آنے کی دعوت دیجو انہو ں نے بخوشی قبول کی ۔اس موقع پر میئر بریشیا نے کہا کہ مسئلہ کشمیر میرے علم ہے اور وہاں پر انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں ہم اپنے قانون اور انسانی حقوق کے پیش نظر اس مسئلہ پر اپنے موقف رکھتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ بریشیا میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ ہیں اور مسئلہ کشمیر اور تحریک کشمیر میں ان کی اخلاقی مدد کرتے رہیں گے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ اٹلی اور پاکستان کے مابین اچھے تعلقات ہیں اور اٹلی اور پاکستان اقوام متحدہ میں مختلف معاملات پر متفقہ طور پر کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی میں مقیم کشمیری و پاکستانی کمیونٹی پاکستان اور اٹلی کے مابین سفیروں کا کردار ادا کر رہے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان سماجی و سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ صدر نے اٹلی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تارکین وطن کمیونٹی ، کو اپنے سیاسی نظام کا حصہ بنایا اور انہیں پر امن طور پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اٹلی کے عوام کی رواداری سے عیاں ہے کہ وہ انسانی وقار اور حقوق کی پاسدار ی کے لیے ہمیشہ فکر مند اور کوشاں رہے ہیں۔اٹلی کے قانون ساز رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس ظلم و ستم کے خاتمہ کی خواہش ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو پرامن مستقل جمہوری طریقہ سے حل کیا جانا چاہیے۔ صدرآزاد کشمیر نے اپنے تمام میزبانوں کو کشمیر کے ہاتھ سے بنے تحائف بھی پیش کئے جسے تمام میزبانوں نے بے حد پسند کیا اور خوشی کا ظہار کیا۔ان میٹنگز میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر، وائس چیئرمین چوہدری ناصر، میاں آفتاب احمد، سکندر گوندل،سجاد بخاری، نقیب جرال، کونسلرچوہدری مناف نے پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی کی۔


واپس جائیں