تارکین وطن کی خبریں
ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اٹلی کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان کا خصوصی خطاب

بریشیاء اٹلی (بیورورپورٹ ) ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اٹلی کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جسے معروف سماجی شخصیات میاں آفتاب احمد ،چوہدری تجمل حسین کھٹانہ نے آرگنائز کیا۔ کشمیر کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور ہدیہ نعت پیش کر کے کیا گیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض نقیب جرال نے سرانجام دئیے۔

صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے شوپیاں کے علاقے میں 60معصوم کشمیریوں کے قتل اور علاقے میں مکمل کرفیو اور غیر قانونی کریک ڈاؤن کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ قتل عام پر بات کرتے ہوئے صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ 6معصوم و نہتے نوجوانوں کو بھارتی قابض افواج نے دن دہاڑے قتل کیا اور غلط طور پر اب انہیں دہشت گرد قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے غیر مسلح اور معصوم شہریوں کو قتل کیا ہے اس طرح بھارت نے ایک بار پھر جنگی جرائم کاارتکاب کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر نے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کی دعوت پر اٹلی کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران پاکستانی و کشمیری تارکین وطن کمیونٹی کی جانب سے بریشیاء، برگا مو میں منعقدہ کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کو آرمڈ فورسز سپیشل پاور ایکٹ اورپبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت جنگی جرائم کے ارتکاب پر مکمل طور پر استثنیٰ دے دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس اور ہیومن رائٹس کونسل بھارت کو بین الاقوامی قوانین کے تحت ان جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے اور اس پر بھارت کا محاسبہ کیا جانا چاہیے۔ کشمیر کانفرنس میں کشمیر کی آزادی کے لئے پرجوش نعروں سے فضا گونجتی رہی۔

کشمیر کانفرنس سے میلان میں تعینات پاکستانی کونسل جنرل محمد ندیم خان ،محمد بشیر امرہ،خلیل احمد، تجمل حسین کھٹانہ، زاہد طور،آفتاب احمد ،لیاقت علی بھولا، چوہدری پرویز اقبال لوہسر،راجہ آفتاب نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اٹلی میں پاکستانی وکشمیری کمیونٹی یورپ بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں سب سے آگے ہے، انہو ں نے کہا کہ گزشتہ سال بارش میں ہزاروں افراد نے کشمیری بھائیوں کے لئے بڑی ریلی نکالی اس کے علاوہ فری کشمیر، فری خالصتان کار ریلی نکالی گئی جسے یورپ بھر میں پذیرائی ملی۔اس موقع پر تمام مقررین کا کہنا تھا کہ اٹلی میں مقیم پاکستانی وکشمیری کسی صورت اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھیں گے۔اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔

صدر آزاد جموں وکشمیر نے مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں اور رہنماؤں کے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔


واپس جائیں