اولڈہم میں تھائی باکسنگ کے مقابلے،ایشیائی سمیت مختلف کمیونٹیز کی شرکت
جرمن(چیف اکرام الدین سے) پاکستانی کمیونٹی سنٹر اولڈہم میں تھائی باکسنگ انٹر کلب اور فائٹ شو کے پچاس سے زائد مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ بھر سے کلبز اور فائٹرز نے حصہ لیا اس موقع پر تھائی باکسنگ کی ہیوی ویٹ اور لائٹ ویٹ کیٹگریز میں ٹائٹل کے مقابلے بھی ہوئے۔ ٹورنامنٹ کے آرگنائزر ٹیم تاز موا تھائی کلب کے انسٹرکٹر تنویر طارق کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم ایشیائی نوجوانوں میں تھائی باکسنگ کا کھیل تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ تھائی باکسنگ نہ صرف صحت کے لیےمفید ہے بلکہ دفاعی صلاحیتوں کو بھی ابھارنے میں موثر کردار ادا کرتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے مقابلے بچوں میں دفاعی صلاحیت کو بہتر کرنے اور بلینگ جیسے واقعات کے سدباب کیلئے مددگار ہیں۔اولڈہم میں یہ ہمارا تیسرا ایونٹ ہے جسے کمیونٹی کی جانب سے بہت پذیرائی مل رہی ہے۔ ہم آئیندہ اس سے بھی بڑے مقابلے آرگنائز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ سو سے زائد باکسرز نے اس ٹورنامنٹ میں راچڈیل، مانچسٹر، ہڈرزفیلڈ، لیڈز، سٹکاپورٹ بولٹن، اور برطانیہ کے دیگر علاقوں سے شرکت کی شریک ہونے والے تمام باکسرز کو منتظمین کی جانب سے اعزازی شیلڈز دی گئیں۔ جب کے ٹائٹل جیتنے والے باکسرز کو بیلٹ دی گئیں۔ اس موقع پر کمیونٹی میں باکسنگ کے فروغ اور کمیونٹی خدمات پر تنویر طارق کو مئیر آف اولڈہم شاداب قمر کی جانب سے شیلڈ بھی دی گئی۔ مئیر آف اولڈہم شاداب قمر کا کہنا تھا کہ کمیونٹیز کے مابین رابطوں کو ایسے مقابلوں کے ذریعہ مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ برطانیہ ایک بین الثقافتی معاشرہ ہے جس میں ہر رنگ اور نسل کے لوگ موجود ہیں کھیل اور موسیقی تمام کمیونیٹز کو جوڑتی ہے ہم ایسے ایونٹس کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر مئیرز چیریٹی کے لیے بزنس میں رفعت حسین اور بینکر پارکی کے مابین ایک چیریٹی باکسنگ مقابلہ بھی ہوا جسے رفعت حسین نے جیتا۔ ایونٹ سے حاصل ہونے والی تمام آمدن چیریٹی میں دی جائے گی۔