پیرس،پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کا مقبوضہ کشمیر کے کشمیری بھائیوں کے حق میں پانچ فروری یوم یکجہتی کے حوالہ سے احتجاجی مظاہرہ
پیرس(نمائندہ خصو صی )ہم کیا چاہتے آزادی،ہے حق ہمارا آذادی،شیم شیم انڈیا شیم کے فلک شگاف نعروں میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایفل ٹاور کے مقام پر پاکستانی وکشمیری کمیونٹی نے مقبوضہ کشمیر کے کشمیری بھائیوں کے حق میں پانچ فروری یوم یکجہتی کے حوالہ سے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس میں کمیونٹی راہنماؤں کی متفقہ رائے سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیربیرسٹر سلطان محمود نے مظاہرہ کی قیادت کی جبکہ کشمیری رہنما زاہد ہاشمی اور برسلز سے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئر مین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا جب کوئی قوم آزادی کے حصول پر تل جائے تو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت بھی اس کو آزادی کے حصول سے نہیں روک سکتی۔ کشمیری گذشتہ 59 سال سے آزادی کی تلاش میں سرکردہ ہیں اور وہ اس مقصد کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ اس میں بڑے تو بڑے جوان، عورتیں، بچے سبھی شامل ہیں۔ہندوستان اپنی آٹھ لاکھ فوج کر استعمال کرنے کے باوجود کشمیریوں کی تحریک آزادی کو روک نہیں سکا اور وہ زیادہ دیر تک طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا۔بھارت تنازعہ کشمیر پر امن مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہے تو اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنا ہوگا۔ کیونکہ کشمیری عوام بھی اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ اس لیے بھارت کے لئے یہ بہتر ہوگا کہ وہ صرف پاکستان اور کشمیری قیادت کے ساتھ بامقصد مذاکرات کرے۔ ہم بھارتی حکمرانوں پر واضح کر دینا چاہتے ہیںکہ مسئلہ کشمیر کا واحداور پائیدار حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری سے ہو سکتاہے جو اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہو نی چاہیے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے احتجاجی مطاہرہ کوصاحبزادہ عتیق اور چوہدری ذوالفقار نگیال نے آگنائز کیا، نظامت کے فرائض کشمیری راہنما نعیم چوہدری نے ادا کئے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے احتجاجی مظاہرہ میں فرانس میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی سیاسی وسماجی تنظیمات جن میں پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف فرانس ،مسلم لیگ ق فرانس ،مسلم لیگ ن فرانس ، پاکستان عوامی تحریک کے علاوہ بزنس مین پاکستانیوں نے اپنے دوستوں اور ساتھیوں سمیت بھرپور شرکت کی ، خواتین کی نمائندگی محترمہ آصفہ ہاشمی ، محترمہ شبانہ چوہدری ، محترمہ ناصرہ خان اور محترمہ روحی بانو نے بھی اپنی ساتھی خواتین سمیت شرکت کی ۔