تارکین وطن کی خبریں
غزالی ایجوکیشن فورم کے زیر اہتمام ستاوانگر میں عظیم الشان چیرٹی مشاعرہ

اوسلو(عقیل قادر) غزالی ایجوکیشن فورم ناروے کے زیر اہتمام ستاوانگر شہر میں ایک عظیم الشان چیرٹی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چیرٹی مشاعرے میں پاکستان کے دو معروف شعراء ، ادیب و کالم نگار امجد اسلام امجداورمعروف کالم نگار و مزاحیہ شاعر خالد مسعود خان نے خصوصی شرکت کی جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ پاکستان سید عامر محمود جعفری نے تقریب کی صدارت کی۔چیرٹی پروگرام سے ڈاکٹر نوخیز احمد، مولانا محبوب الرحمن، سید عامر محمود جعفری اور میاں محمد طیب نے بھی خطاب کیا۔ سید عامر محمود جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں سات سو کے قریب سکول قائم کیے گئے ہیں جن میں تقریباََایک لاکھ کے قریب طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ جن میں سے 42 ہزار بچوں کی تعلیمی ضروریات ٹرسٹ پوری کر رہا ہے۔ جبکہ ٹرسٹ کے کئی سکولوں میں معذور بچوں کے لیے بھی کلاسز کا اجراء ہو چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں ہندو وں کے لیے بھی سات سکول قائم کیے گئے ہیں جن میں ایک ہزار کے قریب بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم کام میں عملی اور مالی تعاون کے لیے یورپ میں غزالی ایجوکیشن فورم 2003 میں قائم کیا گیا ، جس کے ذریعے یورپ میں بسنے والے محب وطن پاکستانی اپنے پیارے وطن پاکستان میں تعلیم و ترقی کا خواب حقیقت میں بدلنا چاہتے ہیں۔ غزالی ایجوکیشن فورم کے زیر اہتمام 29 اکتوبر کو شام چار بجے کوپن ہیگن ڈنمارک ، 4 نومبر دوپہر دو بجے قرطبہ ۔سپین اور 5 نومبر شام چار بجے پیرس فرانس میں مشاعرہ منعقد ہو گا۔ غزالی ایجوکیشن فورم کے سرپرست مولانا محبوب الرحمن، صدر نذر حسین عباس ناروے، شہزاد عثمان بٹ ڈنمارک، وسیم احمد راجہ سپین، سعید سرور چودھری اور سمن شاہ فرانس نے پاکستانیوں کو ان پروگرامز میں بھرپور شرکت کی دعوت دی ہے۔


واپس جائیں