دعوت اسلامی کے زیر اہتمام عظیم الشان ذکر محفل نعت بسلسلہ شہدا کربلا ، حاجی مولانا محمد عمران عطاری کاخطاب ،سینکڑوں افراد کی شرکت
بارسلونا(دوست نیوز)دعوت اسلامی اسپین کے زیر انتظام عظیم الشان ذکر محفل نعت بسلسلہ شہدا کربلا بارسلونا سنٹر میں منعقد ہوئی ،جس میں بارسلونا اور اس کے گردو نواح کے اضلاع کے پاکستانیوں نے بھر پور شرکت کی۔محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ حاجی مولانا حبیب نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی اور آخرت کے موضوع پر خطاب کیاانہو ں نے کہا کہ دنیا اعمال کی جگہ ہے یہاں پر جو کیا جائے گا اس کا صلہ روز قیامت دیا جائے گا۔ اچھے اعمال جنت میں لے جائیں گے اور برے اعمال دوزخ میں، انسان کو دنیا میں رہتے ہوئے حبیب اکرم ﷺ کی دئیے ہوئے راستہ کو اختیار کرتے ہوئے زندگی گزارنی چاہیئے۔
مرکزی مجلس شوری کے نگران حاجی مولانا محمد عمران عطاری کی آمد پر ہال میں موجود تمام افراد نے کھڑے ہو کر نعروں سے استقبال کیا۔حاجی مولانا محمد عمران عطاری نے اپنے خطاب میں سنت رسول ﷺ کی پیروی کی تاکیدکی اور اپنی زندگیوں کو مال اسباب کے پیچھے نا لے جائو اللہ کے بندے بن کر زندگی بسر کرو دنیا وآخرت سنور جائے گی، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یورپ میں رہنے والے مسلمان زیادہ احتیاط اور پرہیز کریں ہم یہاں رہتے ہوئے چھوٹی چھوٹی ایسی غلطیاں کرتے ہیں جن کا نتیجہ بھیانک نکلتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ کم وسائل پر ہم دو خاندان ساتھ رہنے کو ترجیح دیتے ہیں جو کسی صورت اچھا نہیں ہے۔ انہو ں نے مزید خاندان کی بہتری اور بچوں کی تعلیم وتربیت کے حوالہ سے اسلامی نقطہ نظر بیان کیا۔ آخرمیں اجتماعی دعا کرائی گئی جس میں پاکستان اور امت مسلمہ کی ترقی ،اتحاد واتفاق کی دعا کی گئی، دعا میں رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔آخر میں انتظامیہ کی جانب سےتمام مسلمانوں میں لنگر حسینی تقسیم کیا گیا