کلر سیداں کے اظہر محمود کو پانچ لاکھ پونڈ مالیت کی ہیروئین کے ساتھ ہیتھرو ائرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا
کلر سیداں: اسلام آباد سے لندن جانے والے کلر سیداں کے برطانوی نژاد شہر ی سے ہیتھرو ائر پورٹ پر بھاری مالیت کی ہیروئن برآمد ملزم گرفتار، بینظیر بھٹو ائر پورٹ سے ملزم منشیات سمگل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق کلر سیداں کے اظہر محمود جو تعطیلات پر پاکستان آیا ہوا تھا گزشتہ اتوار کو وہ بھاری مالیت کی چرس بینظیر بھٹو ائر پورٹ سے کلیئرنس کے بعد دن گیارہ بجے کے بعد لندن جانے والی فلائٹ میں سوار ہو گیا اور یہاں سے بخیر و خوبی گزر گیا مگر ہیتھروائر پورٹ پر پہنچتے ہی اسے برٹش بارڈر فورس نے گھیر لیا اور اس کے سوٹ کیس کی تلاشی لی تو خفیہ خانوں سے دو کلو ہیروئن برآمد کر لی ۔ ادھر برٹش بارڈر فورس ہیتھرو کے ڈائریکٹر فل ڈگلس کے مطابق ملزم اتوار کے روز اسلام آباد سے لندن پہنچا جس کے سوٹ کیس کی تلاشی لی گئی تو اس نے بڑی مہارت سے اس کے اندر اے کلاس کی منشیات چھپا رکھی تھی جس کا وزن دو کلو تھا اور اس کی قیمت پانچ لاکھ سٹرلنگ برطانوی پاؤنڈز تھی ۔ملزم کی عمر 41 برس ہے ۔ اظہر محمود کو ہیتھرو ائر پورٹ پر بارڈر فورس اتھارٹی نے پانچ لاکھ مالیت کی ڈرگ سمگلنگ کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ پاکستان سے پی آئی اے کی فلائٹ کے ذریعے برطانیہ آتے ہوئے بارڈر فورس اتھارٹی کے عملے نے اظہر محمود کو جب چیکنگ کے لئے روکا تو اس کے سامان سے دو کلو ڈرگز برآمد ہوئے۔ اس موقع پر اتھارٹیز نے ڈرگز اپنے قبضے میں لے لیں اور اظہر محمود کو گرفتارکر کے فرد جرم عائد کر دی۔ اظہر محمود کی گرفتاری چوبیس ستمبر کو عمل میں لائی گئی جبکہ چھبیس ستمبر کو اظہر محمود کو اکسبریج مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ اکتالیس سالہ اظہر محمود کا کسٹڈی میں ریمانڈ حاصل کیا گیا اور اگلی پیشی کے لئے اسے چھبیس اکتوبر کو کراون کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ اظہر محمود کو جانتے بوجھتے ڈرگز سمگلنگ کرنے کی فرد جرم بھی عائد کی گئی۔ یعنی اسے معلوم تھا کہ مذکورہ ڈرگ برطانیہ میں لانا یا فروخت کرنا منع ہے اس کے باوجود اس نے ایسا کیا۔ بارڈر فورس اتھارٹی ہائی ٹیک آلات کے ذریعے ممنوعہ ڈرگز اور سامان کی تلاشی لیتی ہے جس کے باعث کسی بھی شخص کے لئے ایسی ممنوعہ اشیا ملک میں لانا ناممکن بنایا گیا ہے۔ جن میں سونگھنے والے کتوں سے لے کر کاربن ڈائی آکسائیڈ ڈی ٹیکٹر، ہارٹ بیٹ مانیٹر اور سکینرز وغیرہ شامل ہیں۔