انسانی حقوق کو اجاگر کرنے کیلئے برلن میں کمیونٹی کارنیوال
برلن: انسانی حقوق کو اجاگر کرنے کیلئے برلن میں کمیونٹی کارنیوال کا انعقاد کیا گیا ، جرمنی کمیونٹی کے علاوہ تقریباً 15 ہزار مہاجرین نے شرکت کی، کمیونٹی کارنیوال میں جرمنی میں امیگرنٹ کے حقوق کو اجاگر کیا گیا ، EU کشمیر کونسل کے زیر اہتمام ایک آزادی کشمیر ٹرک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف بینر آویزاں تھے اور ٹرک پر کشمیر کی آزادی کے ترانے بھی بجائے جا رہے تھے۔
کارنیوال سے EU کشمیر کونسل کے چیئرمین علی رضا سید ، فری کشمیر آرگنائزیشن کے صدر محمد صدیق کیانی نے خطاب کیا، انہوں نے اپنے خطاب میں کارنیوال کے روح رواں سمیع اللہ ہاشمی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ، انہوں نے کہا کہ کارنیوال میں کشمیر ٹرک کے ذریعے آج برلن کی سڑکوں پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جا رہا ہے اور بھارت میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف عالمی رائے عامہ کی توجہ مبذول کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس سے پندرہ ہزار افراد کے کارنیوال جلوس میں کشمیر آزادی ٹرک عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس کا سارا کریڈٹ سمیع اللہ ہاشمی کو جاتا ہے جو مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے پوری یکسوئی کے ساتھ کام کر رہے ہیں ۔