اقوام متحدہ کو برما میں مسلمانوں کی نسل کشی پرتحقیقات کرنی چاہئے: بیرسٹرامجد ملک
راچڈیل: مسلم امہ کو معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فی الفور لے جانا چاہئے کیونکہ ہر جاتے دن کے ساتھ شہادتوں اور پناہ کے متلاشی روہنگیا کے مسلمانوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اقوام متحدہ کے پناہ گزین کے کمشنر بنگلہ دیش میں پہنچنے والے پناہ گزینوں کو دستیاب خیمے، ادویات، خوراک اور بنیادی ضروریات کا معائنہ کریں اور ان کی دستیابی کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کریں۔
ان خیالات کااظہار چیئرمین ایسوسی ایشن آف پاکستان لائرز بیرسٹر امجد ملک نے اپنے ایک خصوصی بیان میں برما میں مسلمانوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ امجد ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی نے اسلامی بھائی چارے کا ثبوت دیا ہے اور بنگلہ دیش حکومت کے ساتھ مکالمے کے ذریعے پناہ گزینوں کا مسئلہ حل کرنا چاہئے۔ اقوام متحدہ کا ایک اعلی سطحی وفد تشکیل دینا چاہئے جو سینکڑوں مسلمانوں کی شہادت گھروں اور جائیدادوں کو جلانا اور ریاستی تشدد کے ذریعے مسلمانوں کی نسل کشی جیسے الزامات کی انصاف کے بین الاقوامی تقاضوں کے تحت عدالتی تفتیش کرے نوبل پرائز ہولڈر آن سوچی کے اوپر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے انعام کی لاج رکھیں اور ملالہ کی طرح سچ کو سچ کہیں۔