اسلامی تعلیمات امن اور بھائی چارے کا حکم دیتی ہیں: خطبہ حج
مسجد نمرہ، عرفات: اسلام کے پانچ بڑے رکنوں میں سے ایک حج کا آغاز 8 ذوالحج سے شروع ہوگیا، 9 ذو الحج کو خطبہ حج دیا گیا، جسے دنیا کے 200 سے زائد ممالک میں ٹی وی پر براہ راست بھی دکھایا گیا۔
8 ذوالحج کو عازمین مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچے، جہاں انہوں نے رات بھر عبادت کی، اور 9 ذوالحج کو فجر کی نماز کے بعد منیٰ سے میدانِ عرفات پہنچے، جہاں وقوفہ عرفہ کی ادائیگی کی جاتی ہے۔ عرفات میں غروبِ آفتاب تک قیام لازمی ہے اور اس کے بعد حجاج کرام مزدلفہ کے لیے روانہ ہوتے ہیں، جہاں پر مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کی جاتی ہیں اور رات بھر یہاں قیام لازم ہوتا ہے۔ اس بار حج کے لیے دنیا 200 سے زائد ممالک سے قریبا 20 لاکھ عازمین پہنچے ہیں، جن میں سے ایک لاکھ سے زائد پاکستانی بھی ہیں۔ 1438 ہجری کے خطبہ حج کے دوران 9 ذو الحج کو میدان عرفات میں قائم مسجد نمرہ میں شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الشتریٰ فرماتے ہوئے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور اسلامی تعلیمات دنیا بھر میں امن اور بھائی چارے کا حکم دیتی ہیں۔ خطبے کے دوران انہوں نے کہا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے رسول ہیں اور اللہ نے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کو امت کی ہدایت کیلئے دنیا میں بھیجا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام امتوں کی رہنمائی کے لیے انبیا علیہ السلام بھیجے اور ہر نبی علیہ السلام نے اپنے امتیوں کو اللہ تعالیٰ کی بندگی اختیار کرنے کی تعلیم دی۔ خطبہ حج کے دوران شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر نے کہا کہ مسلمان چاہے کسی بھی ملک، رنگ اور نسل سے تعلق رکھتا ہو وہ پُر امن رہتا ہے اور کسی کے ساتھ بھی ظلم و زیادتی پر یقین نہیں رکھتا بلکہ اسلامی تعلیمات نے دنیا بھر کے انسانوں میں بھائی چارا پیدا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ نماز اور صبر سے مدد حاصل کرو۔ شیخ ڈاکٹر سعد نے کہا کہ وہ اللہ سے دعا گو ہیں کہ مسلمانوں کو ان کا پہلا قبلہ بیت المقدس واپس مل جائے۔ دنیا بھر کے مسلم ممالک کے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الشتریٰ نے خطبے میں فرمایا کہ تمام مسلم حکمران اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کریں۔ مسلمانوں کو تقویٰ کی تعلیم دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نصیحت کرتا ہوں کہ مسلمان تقویٰ اختیار کریں کیونکہ اللہ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنے متقی بندوں کو جنت میں داخل کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں خود کو اور آپ سب کو اللہ تعالیٰ سے ڈرنے کی تلقین کرتا ہوں اور تمام مسلمان اللہ تعالیٰ سے ڈریں جس طرح اُس سے ڈرنے کا حق ہے۔ دنیا بھر کے 200 سے زائد ممالک اور خطوں سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین حج میدان عرفات میں حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کیلئے میدان عرفات میں موجود ہیں۔