اٹلی کےسمندرمیں ڈوبنے والے 2 چچازاد بھائیوں کی نمازجنازہ ادا، جسد خاکی پاکستان روانہ
بولونیا، اٹلی: اٹلی کے ساحلی شہرپورٹوگاریبالدی(Porto Garibaldi) کے قریب سیروتفریح کے دوران سمندر کنارے نہاتے ہوئے ڈوب کرجاں بحق ہونیوالے بولونیا اورنواحی قصبے مولینیلا کے رہائشی دوچچا زاد بھائیوں 39سالہ حافظ محمد ندیم اور24 سالہ حماد خالد کی نمازجنازہ جامعہ فیضان مدینہ بولونیا میں مہتمم جامعہ محمد فیاض عطاری نے پڑھائی۔
نماز جنازہ میں اٹلی بھر سے سینکڑوں ہموطنوں سمیت دیگرمسلمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، قبل ازیں مولینیلا میں دعوت اسلامی کے مرکزفیضان غوث اعظم کے مبلغ قاری غلام یاسین رضا قادری نے اسلام میں فلسفہ ء موت وحیات پرروشنی ڈالی، مرحومین کے اٹالین دوست بھی بڑی تعدادمیں موجودتھے۔ حافظ ندیم اورحمادخالد کی وفات پر چودھری فضل کریم اورچودھری محمدخالد سے تعزیت کی جاتی رہی۔ بعد ازاں مرحومین کے جسد خاکی قومی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے میلان سے اسلام آباد روانہ کردیئے گئے، حماد خالد کی نمازجنازہ 26 اگست بروزہفتہ کوبعد نمازظہرگجرات کے نواحی گاؤں رولیہ جبکہ حافظ محمد ندیم کی شام پورمیں سہ پہرساڑھے 3 بجے اداکرکے سپرد خاک کیا جائے گا۔