بھارتی ظلم اور بربریت کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی: صدر آزاد جموں کشمیر سردار مسعود خان
برلن: فری کشمیر آرگنائزیشن جرمنی نے سفارتخانہ پاکستان برلن کے تعاون سے انسٹیٹیوٹ آف کلچرل ڈپلومیسی کے ہال میں کشمیر میں پائیدار امن کے موضوع پر ایک سمینار کا انعقاد کیا۔ جس سے سردار مسعود خان صدر آزاد جموں و کشمیر، سفیر پاکستان عزت مآب جوہر سلیم ،ای یو کشمیر کونسل کے چیئرمین علی رضا سید، فری کشمیر آرگنائزیشن جرمنی کے صدر محمد صدیق کیانی اور سمیع اللہ ہاشمی نے خطاب کیا۔
صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں پائیدار امن کیلئے ضروری ہے کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے۔ بھارتی افواج کشمیر میں ظلم و ستم کی انتہا کر رہی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر نوجوانوں کو شہید کیا جارہا ہے ۔ پیلٹ گنوں کے استعمال سے نوجوانوں کو اپاہج اور نابینا بنایا جارہا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کیوں نظر نہیں آتے؟ انہوں نے کہا کہ یورپین یونین خصوصاََ جرمنی کو چاہیے کہ اپنی غیر جانبداری کو ختم کرے اور مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوں۔ظالم اور مظلوم کے درمیان غیر جانبداررہنا ظالم کی مدد کے مترادف ہے۔ دریں اثناء صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے سمندر پار پاکستانیوں کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی۔ وفدمیں پاکستان اوورسیز الائنس فورم یورپ کے صدر چوہدری اعجاز پیارا ،پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ یورپ کے صدر عبدالحفیظ، ملک خوشی محمد، مہر وحید اور فیاض جرال شامل تھے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے وفد کے شرکاء سے کہا کہ وہ یورپین یونین کے ممالک میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے لابنگ کریں۔