ناروے۔ سوندرے نورشترند مسلم سینٹر کی پہلی سالانہ تقسیم انعامات و اسناد کی پروقار تقریب
اوسلو(عقیل قادر) سوندرے نورشترند مسلم سینٹر نے (ایس این ایم ایس) آٹھ ماہ کے نہایت کم عرصے میں ناروے میں دینی ، تعلیمی، سماجی اور دیگر متعدد خدمات کی وجہ سے نمایاں مقام بنایا ہے۔ ایس این ایم ایس کی جانب سے عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے موثر، منفرد اور مثبت اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن کو مقامی لوگوں کی طرف سے خوب سراہا گیا ہے۔زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد تک موثر انداز میں دعوت دین پہنچانے کے لیے مختلف کورسسز ،درس قرآن اور ویک اینڈ سکول کا مستقل بنیادوں پر سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ ایس این ایم ایس کی پہلی سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن سے مفتی محمد طاہر عزیز نے کیا اور نعت رسول ﷺ یاسین سعید نے پیش کی۔ ایس این ایم ایس کے طلبہ و طالبات محمد مبشر، محمد عمر، نور فاطمہ، عنایہ زمان اور نمرہ عثمان کی طرف سے تلاوت قرآن اور نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئیں۔تقریب سے راجہ محمد اقبال، سید اظہر شاہ اور مفتی محمد طاہر عزیز نے خطاب کیا اور بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے خصوصی گفتگو فرمائی اور کہا کہ جہاں پر مسجد بچوں کی تربیت کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے وہاں پر بہت ضروری ہے کہ والدین بھی اس میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ بچوں کی تربیت میں کمی نہ رہ سکے۔ بچوں کے دو گروپس کے درمیان سوال و جواب کا مقابلہ منعقد کرایا گیا جس میں بیس کے قریب بچوں نے حصہ لیا۔تقریب میں ایک سو پچاس طلبہ و طالبات کو انعامات و اسناد سے نوازا گیا۔صاحبزادہ محمد زبیر نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور تقریب کا اختتام درود سلام اور دعا سے ہوا۔