تارکین وطن کی خبریں
ناروے۔ ڈاکٹر افتخار کیانی کی فلاحی و سماجی خدمات کے اعزاز میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے خوبصورت تقریب کا انعقاد

اوسلو(عقیل قادر) دنیا بھر میں جہاں پر بھی پاکستانی بستے ہیں انکے دل ہمیشہ پاکستان کے لیے دھڑکتے ہیں اور وہ ہر لحمہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی تمنا لیے اور پاکستان کے حقیقی سفیر بن کر اپنے ملک کا نام روشن کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔ ناروے میں بھی ایسے کئی پاکستانی بستے ہیں جنہوں نے اپنے وطن کی ترقی کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں ان میں ایک نمایاں نام ڈاکٹر افتخار کیانی کا ہے جنہوں نے ضلع جہلم کے نواحی علاقہ پَدرِی میں نارویجن حکومت کے تعاون سے ایک عظیم الشان ہسپتال النور سرور ٹرسٹ کے نام سے تعمیر کیا جس پر گیارہ کروڑ روپے لاگت آئی۔ ڈاکٹر افتخار کیانی کی بلا تفریق رنگ و نسل اور نیک نیتی سے انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رکھنے پر اوسلو کی معروف سماجی شخصیت اور پاک ناروے فورم کے صدر چوہدری اسماعیل سرور اور ہیومن سروسز ناروے کے ڈپٹی چیئرمین خالد کسانہ اور انکے دوست احباب نے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں اوسلو اور گردو نواح سے بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز مفتی محمد زبیر تبسم نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اورنعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ چوہدری اسماعیل سرور، چوہدری غلام سرور، سجاد رسول، چوہدری عمران مختار، ڈاکٹر مبشر بنارس، آفتاب وڑائچ، حاجی محمد افضال، محمد رشید، چوہدری محمد تنویر آسکر و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر افتخار کیانی کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیااور کہا کہ ڈاکٹر افتخار کیانی جیسی شخصیات کسی بھی معاشرے کا رول ماڈل ہوتی ہیں جن کے نقش قدم پر چل کر انسان اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتا ہے۔ ڈاکٹر افتخار کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے جب ہسپتال بنانے کا ارادہ کیا تو انہوں نے نیت کر لی تھی کہ انکی پاکستان اور ناروے میں جتنی بھی پراپرٹی ہے وہ النور سرور ٹرسٹ کے نام کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے آٹھ سو کنال زمین النورسرور ٹرسٹ کے نام منتقل کر دی ہے اور ناروے کی پراپرٹی جن میں دو گھر شامل ہیں وہ بھی جلد ہی السرور ٹرسٹ کے نام منتقل کر دیں گے۔


واپس جائیں