تارکین وطن کی خبریں
مرکزی جماعت اہلسنت ناروے میں صاحبزادہ سلمان مصطفی بخاری کے حفظ قرآن کرنے کی خوشی میں محفل میلاد مصطفی ﷺ اور دستاربندی کی پُروقار تقریب

اوسلو(عقیل قادر) مرکز جماعت اہلسنت میں صاحبزادہ سلمان مصطفی بخاری کے حفظ قرآن کے اعزاز میں ایک عظیم الشان محفل میلاد ﷺ اور دستاربندی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے کی جبکہ مہمانان خصوصی برطانیہ سے تشریف لائے ہوے مولانا پیر سید منور حسین بخاری، پیر سید سجاد حسین بخاری اور بلجیم سے پیر سید حسنات احمد بخاری تھے۔ تقریب کا آغاز زینت القرآء قاری محمود الحسن چشتی گولڑوی اور صاحبزادہ سلمان مصطفی بخاری نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ نعت رسول مقبول ﷺ برطانیہ سے تشریف لائے ہوئے پیر سید بہار حسین بخاری ، سید جواد حسین شاہ اور دیگر نے پیش کی۔ میزبان محفل پیر سید فراست علی بخاری نے نقابت کے فرائض احسن ادنداز میں سر انجام دئیے۔تقریب میں مقامی علمائے کرام نے بڑی تعداد میں خصوصی شرکت کی۔ مہمان خصوصی پیر سید منور حسین بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک کا فرمان ہے کہ تفرقہ مت ڈالو، اکھٹے رہو ، ایک دوسرے کے ساتھ جڑ کر رہو اور اللہ کی سب سے بڑی نعمت مصطفی کریم ﷺ کی شان بیان کرتے رہو کیونکہ حضور ﷺ کا ذکر اللہ کا ذکر ہے۔ پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ سلمان مصطفی بخاری اور انکے والد پیر سید فراست علی بخاری کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قرآن کریم کو حفظ کرنا اعلیٰ شرف اور اعزاز کی بات ہے اس لیے کہ روئے زمین پر قرآن مجید کے علاوہ کسی بھی مذہبی کتاب کا ایک بھی حافظ موجود نہیں ہے۔ پیر سید سجاد حسین بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن حافظ قرآن کے والدین کو نورانی تاج عطا فرمائے گا اور اسکی روشنی سورج کی روشنی کی طرح ہو گی۔پیر سید حسنات احمد بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک اللہ پاک کی طرف سے مسلمانوں کے لیے نعمت ہے اسکی جتنی قدر بھی کی جائے کم ہے۔تقریب کے آخر پر درودو سلام کی گونج میں صاحبزادہ سلمان مصطفی بخاری کی دستار بندی کی گئی اور انکو اور انکے استاد قاری محمود الحسن گولڑوی کو بہت سارے تحائف سے نوازا گیا جن میں عمرے کا پیکج بھی شامل ہے۔ صاحبزادہ پیر سید فراست علی بخاری نے تمام خواتین و حضرات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ پاک نے خصوصی عنایت فرماتے ہوئے کرم کیا اور انہیں حافظ قرآن کے والدین ہونے کا شرف بخشا۔ پروگرام کا اختتام درودوسلام اور دعا سے کیا گیا۔


واپس جائیں