دبئی (طاہر منیر طاہر) اوورسیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر حبیب الرحمن گیلانی گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کے دورہ پر آئے تو انہوں نے مختلف ریاستوں میں پاکستانیوں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے قونصلیٹ آف پاکستان دبئی میں صحافیوں سے ملاقات کی جبکہ پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل بھی سنے۔
اس موقع پر ان کے اعزاز میں متعدد تقریب بھی ہوئیں جہاں اوورسیز پاکستانیوں نے کھل کر ان سے اظہار خیال کیا۔ حبیب الرحمن گیلانی کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب دبئی میں بھی ہوئی جس کا اہتمام OPF کے بورڈ آف گورنرز کے ایک رکن چودھری نورالحسن تنویر نے بھی کیا۔ اس تقریب میں قونصلیٹ آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل سید جاوید حسن اور پاسپورٹ قونصلر ریاض الوہاب بھی موجود تھے۔ عشائیہ کی اس تقریب میں شریک پاکستانی کمیونٹی نے کھل کر براہ راست OPF کے ایم ڈی سے سوال و جواب کئے۔ اس موقع پر حبیب الرحمن گیلانی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے براہ راست آگاہی کے لئے انہوں نے بیرون ملک دوروں کا سلسلہ شروع کیا ہے اور وہ خود پاکستانیوں کے پاس جاکر ان کے مسائل معلوم کررہے ہیں۔ حبیب الرحمن گیلانی نے کہا کہ وہ خود اور ان کی ٹیم اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل حل کرنے میں مخلص ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں موجود اوورسیز پاکستانیوں میں سے 100 لوگوں کو ایڈوائزری بورڈ میں لیا جارہا ہے۔ ایڈوائزری بورڈ کے ارکان OPF کے ساتھ مل کر اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کو حل کرنے کے سلسلہ میں OPF کو تجاویز دیں گے اور مسائل کے حل کے سلسلہ میں ممدومعاون ثابت ہوں گے۔ حبیب الرحمن گیلانی نے کہا کہ انہوں نے امارات میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی ہے اور خود پاکستانی سکولوں کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل واقعی زیادہ اور گھمبیر ہیں لیکن آہستہ آہستہ ان پر قابو پالیا جائے گا۔ حبیب حبیب الرحمن گیلانی نے کہا کہ سابقہ دور میں جو ہوچکا سوہوچکا لیکن اب حالات بتدریج بہترین کی طرف جارہے ہیں۔ اپنے اعزاز میں تقریب کے انعقاد اور پاکستان کمیونٹی سے ملاقات پر انہوں نے میزبان چودھری نورالحسن تنویر کا شکریہ ادا کیا۔