لاہور: پاکستان کرکٹ کے مخالف بھارت کو منہ کی کھانا پڑ گئی، پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ بھی بحال ہو گئی اور غیر ملکی کھلاڑی بھی آگئے ۔ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا میلہ سجھ رہا ہے اور لاہور اس تاریخی میچ کو کرانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی سمیت چار کھلاڑی پاکستان پہنچ گئے۔ میڈ یا رپورٹس کے مطابق غیر ملکی کھلاڑیوں میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، مارلن سمیول، کرس جورڈ ن اور ڈیوڈ میلان شامل ہیں ۔کھلاڑیوں کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں لاہورائیر پورٹ سے نجی ہوٹل منتقل کردیا گیا تھا جہاں سے وہ آج فائنل میچ کھیلنے قذافی اسٹیڈیم پہنچیں چکے ہیں ۔
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل کا میلہ آج (اتوار) کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں سج گیا ہے جس میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی، کرکٹ کا جادو سر چڑ ھ کر بولنے لگا، ہر شخص کرکٹ بخارمیں مبتلا نظر آ رہا ہے، اندرون و بیرون ممالک سے شائقین کرکٹ نے لاہور میں ڈیرے جمالئے ہیں، غیر ملکی کھلاڑی اور آفیشلز بھی لاہور پہنچ گئے ہیں ، میچ کے لئے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کوحتمی شکل دیدی گئی ، لاہور میں سجنے والے میلے میں ملک بھر کی اہم سیاسی و عسکری اور حکومتی شخصیات کی آمد متوقع، فائنل میچ کو یادگار بنانے کے لئے میوزیکل شو کی تیاریاں بھی مکمل ، نامور گلوکار پرفارم کریں گے، پاک فوج ،رینجرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے فول پروف سیکیورٹی کے حتمی تانتظامات کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستا ن سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل آج ( اتوار) کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کی طرف سے قذافی اسٹیڈیم میں فائنل میچ کے موقع پر میوزیکل شو اور تقسیم انعامات کی تقریبات سمیت میچ کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں سرچ اینڈ سویپنگ کا عمل اسٹیڈیم کے گیٹ کھلنے تک جاری رہے گا۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے وقفے وقفے سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق اسٹیڈیم کے دروازے تین بجے کھول دئیے گئے ہیں۔ میوزیکل تقریب شام 6 بجے ہو گی جس میں نامور گلوکار پرفارم کریں گے جبکہ میچ 8 بجے شروع ہو گا ، میچ میں صدر مملکت ممنون حسین ،پنجاب، بلوچستان، گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے اور اس تناظر میں سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا ہے۔مال روڈ سے قذافی سٹیڈیم تک شاہراہوں پرلائٹیں اورپھول لگا کر انہیں سجایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا فائنل کھیلنے کے لئے پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت پوری ٹیم اور دیگر عملہ اسٹیڈیم پہنچ گیا ہے۔ جنہیں بلٹ پروف گاڑیوں اور سخت سیکیورٹی حصار میں مال روڈ پر واقع فائیو سٹار ہوٹل سے لایا گیا ہے۔ غیر ملکی کمنٹیٹرز کے پاکستان نہ آنے کے باعث پی ایس ایل کے فائنل میں وسیم اکرم، وقار یونس اور رمیز راجہ کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ میچ کے دوران 5 درجاتی سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے جس کے تحت سکیورٹی کی اعلیٰ نگرانی کے لئے فوج ، رینجرز اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں تعینات ہوں گے ، محکمہ صحت کی جانب سے لاہور کے تمام ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ تمام متعلقہ سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاکستان سپر لیگ فائنل کے پیش نظر صورتحال کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے سکیورٹی پلان کوحتمی شکل دیدی ہے۔ اعلیٰ پولیس افسران کے مطابق سیکیورٹی کی اعلی نگرانی کے لیے پاک فوج، رینجرز اور پنجاب پولیس قذافی سٹیڈیم کے اطراف کا کنٹرول سنبھالیں گی۔حساس اور چیلنجنگ صورتحال کے پیش نظر پانچ حصاروں پر مشتمل ایک اعلی سیکیورٹی منصوبے کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔پی ایس ایل کے فائنل کے دوران سیکیورٹی سے منسلک مختلف ذمہ داریوں کے حوالے سے صوبے بھر سے 10علی پولیس افسران کو طلب کیا گیا ہے. طلب کیے گئے زیادہ تر افسران ڈسٹرکٹ پولیس آفسیرز ہیں اور انہیں دارالحکومت میں گزشتہ کام کے تجربے کی بنیاد پر بلایا گیا۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سب سے پہلے آرمی جواب دے گی، جبکہ رینجرز، پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے فوج کی پیروی کریں گے۔ پنجاب کانسٹیبلری، ڈولفن فورس، پولیس رسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس اور مختلف پولیس تھانوں کے اہلکار اسٹیڈیم کی جانب آنے جانے والے راستوں، قریبی عمارتوں اور سڑکوں پر بطور گارڈ تعینات کیے جائیں گے۔ احتیاطی اقدامات کے طور پر سٹیڈیم سے ملحقہ عمارتوں بشمول رہائشی عمارتوں کے مکینوں اور کاروباری پلازوں میں کام کرنے والوں کا ریکارڈ مرتب کر لیا گیا۔ ۔