قومی و بینالاقوامی خبریں
سعودی شہری کو طلاق کا انوکھا بدلہ مہنگا پڑگیا

جدہ: سعودی عرب کے ایک شہری کو اپنی سابقہ بیوی سے ٹریفک جرمانوں کے ذریعے بدلہ مہنگا پڑگیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایک سعودی شخص نے اپنی بیوی کی جانب سے خلع کی درخواست دائر کرنے کے فوراً بعد انتقامی کارروائی کرتے ہوئے اس کے نام سے گاڑی خریدلی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں شروع کردیں۔ مختصر سے عرصے میں اس شخص نے جدہ میں ٹریفک قوانین کی 375 خلاف ورزیاں کیں جن پر سعودی ہائی ویز حکام نے اس پر 3 لاکھ سعودی ریال (تقریباً 80 لاکھ پاکستانی روپے) جرمانہ کردیا۔

کار کی رجسٹریشن سابقہ بیوی کے نام ہونے کی وجہ سے جرمانے کے یہ تمام نوٹس اس خاتون کو بھیج دیئے گئے جنہیں دیکھ کر وہ حیران ہوگئی۔ اس نے سعودی ہائی ویز سے استفسار کیا کہ جو کار اس نے کبھی خریدی ہی نہیں اور نہ ہی کبھی استعمال کی، اس کا جرمانہ وہ کیوں ادا کرے۔

خاتون کی درخواست پر جب ہائی ویز حکام نے چھان بین کی تو سارا معاملہ کھل کر سامنے آگیا جس کے بعد جرمانوں کے یہ تمام نوٹس واپس لیتے ہوئے ان کی تمام رقم اس کے سابق شوہر کے ذمے منتقل کردی گئی۔ یوں اپنی سابقہ بیوی کے خلاف یہ انوکھی سازش ناکام ہوگئی اور یہ سارا جرمانہ بالآخر شوہر کو ادا کرنا پڑا۔


واپس جائیں