قومی و بینالاقوامی خبریں
پی آئی اے کی بحالی کیلئے مربوط حکمت عملی اوربزنس پلان کی ضرورت ہے:احسن اقبال

اسلام آباد: وزیر ترقیاتی و منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرصدارت پی آئی اے میں اصلاحات کی خصوصی کمیٹی کااجلاس ہوا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ایئر لائن کی بحالی کے لئے مربوط حکمت عملی اوربزنس پلان کی ضرورت ہے، محض خسارہ پورا کرنے کے لیے رقم کی فراہمی ہی اصل مقصد نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں پی آئی اے کے اعلی عہدیداران اوروزارت منصوبہ بندی کے حکام کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختربھی شریک تھے۔ احسن کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، طویل المیعاد اور قلیل المدتی منصوبہ بنانے کی ضرورت ہے ، اب ہمیں تعین کرناہے کہ 2017 کے اختتام تک پی آئی اے کہاں کھڑی ہوگی۔ پی آئی اے کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات اور خسارے سے نکلنے کے لئے بنیادی وجوہات جاننا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب قوم کوجواب دیناہوگا کہ پی آئی اے معیار کے لحاظ سے قابل اعتماد ایئرلائن ہے یا نہیں کیونکہ انہیں اس بات سے غرض ہے کہ کیا پی آئی اے محفوظ سفر کی ضمانت فراہم کرتی ہے؟

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی زبوں حالی پر پوری قوم کوتشویش ہے،سب چاہتے ہیں کہ پی آئی اے دنیا کی بہترین ایئرلائن بنے۔پی آئی اے قومی ایئرلائن اور قومی اثاثہ ہے،ضرورت پڑنے پر وفاقی اور متعلقہ صوبائی حکومت کی رائے بھی لی جائے گی۔


واپس جائیں