تارکین وطن کی خبریں
پاکستان کو ڈیجیٹل پاکستان بنانے کے لئے حکومت انتہائی پرعزم ہے

بارسلونا (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان سپین میں منعقدہ جی ایس ایم اے موبائل کانگریس 2017ءمیں شرکت کے لئے بارسلونا آئیں ۔ انہیں جی ایس ایم اے کی طرف سے عالمی وزارتی پروگرام برائے 2017ء میں شرکت کرنے اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے نمایاں ترقی پر خیالات پیش کرنے کے لئے مدعو کیا گیا تھا۔ انوشہ رحمان نےجی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس 2017ء میں لیڈر شپ ایوارڈ بھی وصول کیا۔

پروگرام میں دنیا بھر سے وزراء، چیف ایگزیکٹو افسران اور ریگولیٹرز شمولیت کرتے ہیں اور تیزی سے ترقی کرتے ہوئے موبائل سیکٹر کے حوالے سے درپیش چیلنجز اور نادر مواقعوں کے حصول پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔ ڈیجیٹل ایجنڈا کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت انوشہ رحمان نے کہا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل پاکستان بنانے کے لئے حکومت انتہائی پرعزم ہے اور اس مقصد کے لئے ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں

جس سے پورے ملک میں براڈ بینڈ کی تفریق کو ختم کیا جاسکے تاکہ ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کے ثمرات سب تک یکساں پہنچائے جاسکیں اور یہی ڈیجیٹل ترقی ملک کی معاشرتی اور معاشی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو سکے۔جی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس 2017ء میں پاکستان کاسٹال بھی تھا،وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے سٹال کا دورہ بھی کیا اور سٹال پر موجود کمپنی نمائندگان سے بھی ملاقات کی۔


واپس جائیں