اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ چار سال میں پاکستان کا معاشی منظر نامہ تبدیل ہوگیا اور زراعت، صنعت اور خدمات کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف سے چائنہ شپ بلڈنگ کمپنی کے چیئرمین نے ملاقات کی، ملاقات میں چینی سفیرسن وائی ڈانگ، طارق فاطمی اور مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ 4 سال میں پاکستان کا معاشی منظر نامہ تبدیل ہو گیا ، پاکستان کی معاشی بحالی کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے، اسٹاک مارکیٹ، زرمبادلہ کے ذخائر اور ترسیلات زر میں بہتری آئی ہے،حکومت زراعت، صنعت اور خدمات کے شعبوں پرخصوصی توجہ دے رہی ہے جب کہ اعتدال پسندی، نجکاری اورمراعات ہماری سرمایہ کاری پالیسی کے بنیادی نکات ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے آزاد اورسرمایہ کار دوست پالیسی اپنا رکھی ہے، افراط زر زوال پذیر جب کہ بازار حصص اور زرمبادلہ کے ذخائربڑھ رہے ہیں، چینی کمپنی کراچی شپ یارڈ اور پی این ایس سی سے مل کرسرمایہ کاری کرے کیونکہ ہمارا ہدف براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔