قومی و بینالاقوامی خبریں
پی ایس ایل فائنل ٹکٹوں کی فروخت کا دوسرا روز، چند ٹکٹیں باقی

لاہور: شہر کے منتخب بینکوں میں پی ایس ایل فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت دوسرے روز بھی جاری رہی۔

پی سی بی حکام کی جانب سے پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے خواہش مندوں کے لیے گزشتہ روز 500 سے 12000 روپے تک کی ٹکٹیں فروخت کے لیے پیش کی گئیں، جس میں سے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت چند ہی گھنٹوں میں مکمل ہوگئی تاہم منتخب بینکوں کے باہر عوام کا رش امڈ آیا اور شام تک بینکوں کے باہر شائقین کرکٹ کی لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں۔

لاہور میں بینک آف پنجاب کی منتخب شاخوں پر ٹکٹوں کی فروخت جمعرات کو بھی جاری رہی، اس دوران بینکوں کے باہر عوام کا جم غفیر رہا، بعض مقامات پر عوام اور منتظمین میں جھگڑے بھی ہوئے اور اس دوران امن و امان برقرار رکھنے کےلیے پولیس کو سختی بھی کرنا پڑی، کئی شاخوں میں 500 اور 4000 روپے والے ٹکٹ گزشتہ روز ہی ختم ہوگئے تھے جب کہ دوسرے دن 12 ہزار والے ٹکٹ بھی ختم ہوگئے ہیں اور اب 8 ہزار روپے والے چند ٹکٹ ہی باقی بچے ہیں، جو کل فروخت کئے جائیں گے۔


واپس جائیں